اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم ’’او آئی سی‘‘ نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق پاکستان نے او آئی سی کے 47 ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف دن منانے کو تجویز پیش کی گئی تھی اور اب پاکستان کی سفارتی کاوشیں رنگ لے آئیں ۔
او آئی سی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے اسلاموفوبیا پر 15مارچ کو عالمی دن منانے کی قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 15مارچ کو عالمی سطح پرمنانے کےلیے او آئی سی کاوشیں کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں کی حمایت کی ہے، اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان روکنے کےلیے وزیر اعظم عمران خان نےآواز اٹھائی، اسلامو فوبیا کے رجحان سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے 15 مارچ کی حمایت مسلمانوں کی ترجمانی ہے، یہ دن منانے سے غلط فہمیوں کے ازالے میں مدد ملے گی، ہم بین المذاہب اور ثفافتی ہم آہنگی کے لیے پر عزم ہیں۔
دوسری جانب اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان کے خلاف خصوصی مہم چلانے پر تیار ہوگیا۔ اس حوالے سے تنظیم کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے کرائسٹ چرچ واقعے کا سال مکمل ہونے پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف دن منانے کے حوالے سے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو یاد دہانی کروائی کہ ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف رجحان کو روکنے اور مسلمانوں کے خلاف عدم برداشت اور نفرت کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کیا جائے۔
واضح رہے 15 مارچ 2019 کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملوں کے دوران 51 نمازی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔