کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 3 بچوں کو قتل کردیا

ایک بچی زخمی بھی ہوئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، مقتولین اور زخمی کی عمریں 6 سے12سال، تفتیش کیلیے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لے لیا، پولیس حکام

               
March 15, 2021 · اہم خبریں, قومی
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا معلوم ہوتا ہے، پولیس

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا معلوم ہوتا ہے، پولیس

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر تین بچوں کو قتل کردیا۔
نیو سریاب تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عبدالحئی نے بتایا کہ نیوسریاب کی حدود میں سریاب کسٹم کے قریب غلام رسول پھاٹک کے مقام پر نامعلوم افراد نے محکمہ تعلیم کے جونیئر کلرک عطاء اللہ کے گھر میں گھس کر تیز دھار آلے کے وار کرکے تین کمسن بچوں حسنین، زین اور اقصیٰ کو قتل جبکہ کشمالہ نامی بچی کو شدید زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت عطاء اللہ اور اس کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ بھی موقع پر موجود نہیں تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمی ہونے والی بچی کشمالہ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولین اور زخمی کی عمریں 6 سے 12سال کے درمیان ہیں جبکہ تفتیش کیلئے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لے لیا ہے۔