قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی جانب سے الزامات کا نوٹس لے لیا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب میں مقدمات زیر تحقیقات ہیں اور مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ مریم نواز نے ملکی فضا کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ مریم نواز نے اپنے بیانات سے تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔
نیب، عدلیہ اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے خلاف بیان بازی کی جاتی رہی جن کا مقصد شریف خاندان کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا ہے۔ ایسے بیانات سے تحقیقات پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقص امن کی صورتحال کو تقویت دینا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی ہے اور مریم نواز نے عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے امن و امان کی صورتحال کو چیلنج کیا جبکہ قومی ادارے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پتھراؤ کروایا گیا۔