وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لارہے ہیں،شفاف الیکشن کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ ناگزیر ہو چکی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کابینہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) پچھلے 15سال سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لانے کی کوشش کررہا ہے لیکن کامیا ب نہیں ہوسکا۔ ایف بی آر نے کہا تھا کہ یکم جون سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال ہوجائے گا مگر ہمیں پتا چلا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اس پر اسٹے آرڈر دے دیاہے، عمران خان نے ہدایات دیں کہ اسٹے آرڈر ختم کرنے کےلیے ہر ممکن قانونی کوشش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال نہیں ہوگا ٹیکس چوری نہیں ختم ہوگی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسٹے آرڈر کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، معیشت کے چند بڑے سیکٹرز میں چوری ہورہی ہے، سگریٹ کی انڈسٹری میں صر ف 2فیصد کمپنیاں ٹیکس دیتی ہیں باقی فروخت ہونے والے سگریٹ کا ٹیکس ہی نہیں دیا جا تا،40فیصد سگریٹ بلیک میں فروخت کیے جاتے ہیں۔5سال میں شوگر انڈسٹری پر صرف400ارب ٹیکس لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹومیشن نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس چوری بڑھ رہی ہے، ان ڈائریکٹ ٹیکسز لگانے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔ وزیر اعظم نے الیکٹرول سسٹم کے حوالے سے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ ناگزیر ہو چکی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کے حوالے سے ہر کابینہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے۔