پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں ہونے والی گرما گرمی پر سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ میرا مقصد آپ کا دل دکھانا نہیں تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مریم نے جواب میں کہا کہ میں نےخود کوآصفہ یا بختاورسمجھ کرآپ سےبات کی، میرا مقصد آپ کی دل آزاری نہیں تھا اور نہ ہی میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا تھا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز نے کہا کہ میں نے خود کو آپ کی بیٹی سمجھ کرآپ سےگلہ کرنا اپنا حق سمجھا، اس بات کو یہاں اب ختم کردیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جاری ہے جس میں آصف زرداری کے خطاب نے ماحول کو گرما دیا تھا۔
سابق صدر نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان تشریف لائیں، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ والد کی جان کو خطرہ ہے، وطن واپس کیسے آئیں؟ آصف زرداری گارنٹی دیں کہ میرے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے سابق صدر کو جواب دیا کہ میں اپنی مرضی سے یہاں ہوں، جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مریم کا کہنا تھاکہ نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے۔
پی پی ذرائع کے مطابق مریم نوازاور آصف زرداری کا مکالمہ ہوا اور مریم نے کہا کہ میرے والد کو جیل میں دو ہارٹ اٹیک ہوئے ہیں، والد کی جان کو خطرہ ہے۔