فیصل واوڈا نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ یہ کیابات ہے کہ ہم مائنڈبنا کر بیٹھے ہیں ،ایک سال سے معاملہ زیرسماعت ہے ،اگرمائنڈبنا کر بیٹھے ہوتے تو کیا کیس اتنا وقت لیتا ؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی،پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا الیکشن کمیشن میں اپنے وکیل کے ہمرہ پیش ہوئے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کیخلاف تمام درخواستیں مسترد کری جائیں ۔
وکیل فیصل واوڈانے کہاکہ کمیشن پہلے سے ہی مائنڈبنا کر بیٹھا ہے،الطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ یہ کیابات ہے کہ ہم مائنڈبنا کر بیٹھے ہیں ،ایک سال سے معاملہ زیرسماعت ہے ،اگرمائنڈبنا کر بیٹھے ہوتے تو کیا کیس اتنا وقت لیتے؟۔
پی ٹی آئی رہنمافیصل واوڈا نے کہاکہ اگرمیری غلطی ہے تو پھانسی لگا دیں لیکن پہلے مجھے سنیں ،میر ے خلاف سیاست کی گئی بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ،میراپوراکیریئر ہے فیملی ہے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔
چیف الیکشن کمشنر نے فیصل واوڈا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو سننے کاپوراموقع دیں گے ،فیصل واوڈا نے کہاکہ اسلام آبادہائیکورٹ نے حلف نامہ سے متعلق الیکشن کمیشن کو تحقیقات کاکہاہے ۔الیکشن کمیشن میرے حلف نامے پر تحقیقات کرائے کہ میں نے جھوٹ بولا یا نہیں ۔میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہاہے جیسے میں نے کوئی چوری کی ہے۔ سعدیہ عباسی یا دیگر کو سپریم کورٹ نے اس لئے نااہل کیا کیونکہ وہ اپنی نشست پر تھیں ۔میں این اے 249 سے استعفیٰ دے چکاہوں۔
وکیل درخواست گزارنے کہاکہ فیصل واوڈا یہاں آکر تقریرکررہے ہیں،چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ آپ جذباتی نہ ہوں، اپنا دفاع کرنا فیصل واوڈا کا حق ہے ۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر مخالف پارٹی کی جانب سے ڈاکیو منٹ اوریجنل ہوتو مجھے پھانسی لگا دیں ،الطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ ایسے الفاظ استعمال نہیں کریں،آپ عدالت میں کھڑے ہیں ،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ایسے کوئی قوانین نہیں جس پرآپ کو ایسی سزادیں،اپنے الفاظ واپس لیں،چیف الیکشن کمشنر نے فیصل واوڈا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ تشریف رکھیں اپنے وکیل کو بولنے دیں۔
وکیل فیصل واوڈا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کورٹ آف لا نہیں ہے،مخالف پارٹی فیصل واوڈا کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہی ہے،چیف الیکشن کمشنرنے وکیل کو ہدایت کی کہ درخواستوں کے غیر موثرہونے پردلائل دیں۔
وکیل فیصل واوڈا نے کہاکہ کیا الیکشن کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے کے مطابق حلف نامہ پر تحقیقات کررہا ہے؟،فیصل واوڈا کے مخالف درخواستیں مسترد کی جائیں ۔
چیف الیکشن کمشنر نے وکیل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ نہ کریں، وکیل نے کہاکہ میں نے آپ کو سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیا ہے،ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے کہاکہ ہم کسی کی پارٹی دیکھتے ہیں نہ شکل، قانون کی کتابوں کودیکھتے ہیں ۔الیکشن کمیشن میں فیصل واوَڈا کی نااہلی کیس کی سماعت6اپریل تک ملتوی کردی گئی۔