پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے عمران خان کو نواز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دیدیا۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے ٹوئٹ کے بعد پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں سے مزید فاصلہ پیدا کرلیا ہے، پی ڈی ایم میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے کہ کوئی نیا سلیکٹڈ آرہا ہے۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ابھی تک مسلم لیگ نواز نے سیٹ کیا جبکہ اتحاد میں شریک تمام جماعتوں کا فیصلہ مسلم لیگ نون کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق گورنر محمد زبیر جاکر آرمی چیف سے ملاقاتیں کرتے ہیں، پی ڈی ایم جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر سفارتکاری شروع کردیتے ہیں، اسی طرح گوجرانوالہ جلسے میں تقریر پر کسی کواعتماد میں نہیں لیا، جب ناکام ہوتے ہیں توآپ پانسہ پلٹ دیتے ہیں۔
اعتزاز احسن نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سال میں ایک مرتبہ بھی اسپتال نہیں گئے، نوازشریف کو بظاہر کوئی بیماری نظر نہیں آرہی، وہ آج سے 20 برس پہلے بھی معاہدہ کرکے چلے گئے تھے یہ جیلوں میں نہیں رہ سکتے۔
سینٹ الیکشن کے سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یوسف رضا گیلانی کے علاوہ کوئی شخص نہیں تھا جو الیکشن جیت سکے۔ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کے معاملے پر پیپلزپارٹی غور کررہی ہے کہ کس عدالت میں چیلینج کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کوخود مختار صوبہ دیکھنا چاہتی ہے۔