وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ میں فرد واحد کی حکمرانی اور آمرانہ حکومت ہے، جمہوریت کے دعویداروں نے سندھ میں اپوزیشن کو دیورا سے لگایا ہوا ہے، سندھ کو تیرہ سا ل سے ماموں بنانے والے نے آصف علی زرداری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) کو بھی ماموں بنا دیا۔بلاول نے جو استعفوں کا ایٹم بم حکومت پر چلانا تھا وہ مولانا فضل الرحمن پر چلا دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری پر سندھ حکومت آشکار ہوگئی ہے،پیپلز پارٹی کی جانب سے ان کے خلاف بنائے جانے والے جھوٹے مقدمات قابل مذمت ہیں، ان کی گرفتا ری سے پیپلز پارٹی کا بغض واضح ہوگیا ہے۔میں حلیم عادل شیخ کے کردارکو خراج تحسین پیش کرنے آئی ہوں،جو حق کے لیے کھڑے ہوتے ہیں ان پر مشکلات آتی ہیں، مقدمات عوام کے لیے کھڑے ہونے والوں کو مزید مضبو ط بناتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ سندھ کے پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے ہیں اور بڑی بہادری سے مشکلات کا مقابلہ کررہے ہیں، ہمارا کارکن مشکلات میں عمران خان کے نظریے سے مزید جڑ جاتا ہے۔ ایسے مقدمات بنا کر پیپلز پارٹی والے اپنی کرپشن نہیں بچا سکتے۔سندھ کے علاوہ اورکسی صوبے سے چوہوں کے 40ارب کی گندم کھانے کی مثال نہیں ملتی۔سندھ حکومت صوبے کے حالات پرکسی کو جوابدہ نہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کا مقصد کرپشن اورلوٹ کھسوٹ ہے۔