راولپنڈی میں 9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
لواحقین اور اہل علاقہ نے تھانہ سول لائنز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور ایئرپورٹ روڈ بلاک کردیا۔
مظاہرین نے بچی کی لاش تھانے کے باہر رکھی۔ بپھرے مظاہرین نے تھانہ سول لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو تھانے کے گیٹ سے باہر نکال کر انہیں وہیں روک دیا گیا۔
پولیس کی مظاہرین سے ہاتھا پائی ہوئی جبکہ مظاہرین نے بچی سے زیادتی و قتل کے گرفتار ملزم کو عوام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ ننھی زینب سے پیش آئے افسوس ناک واقعے پر اہل علاقہ میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی اور گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔