مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کرائے کے سلیکٹڈ ترجمان اور لوٹا بریگیڈ صرف وہی بولتی ہے جتنا انہیں بولنے کی اجازت ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ کی قیادت نابالغ ہاتھوں میں ہے۔
فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور لوٹا بریگیڈ سلیکٹرز کی کرائے پر دی ہوئی گاڑی چلا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ معیشت، عوام اور پاکستان کے مفادات روندتے ہوئے یہ گاڑی تباہی کی کھائی کی طرف جا رہی ہے، اس تباہی و بربادی پر آنکھیں بند کیے سلیکٹرز کی یہ گاڑی سلیکٹڈ دائیں بائیں نہیں کر سکتا۔
لیگی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کرائے کے ترجمان اور لوٹا بریگیڈ صرف وہی بولتی ہے جتنا انہیں بولنے کی اجازت ہوتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈوبتی معیشت بچانے کے لیے میثاق معیشت کی سنجیدہ بات کریں تو انہیں جیل میں ڈال دو، شہباز شریف انتخابی اصلاحات اور میثاق معیشت کی بات کرے تو این آر او کا نام دے دو، شہباز شریف پارلیمان کی بالادستی کی بات کرے تو قید کر دو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کرنے والے انتخابی اصلاحات کی کس سنجیدہ منہ سے بات کر رہے ہیں؟ آج آر ٹی ایس کی پیداوار اور ووٹ چور انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روایت کا بیڑہ غرق کرنے والے انتخابی اصلاحات کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں، ووٹ چور کرپٹ وزیراعظم ڈسکہ میں پولنگ عملہ اغوا کرانے کے عمل کو انتخابی اصلاحات میں شامل کرانا چاہتا ہے۔