سپریم کورٹ نے این اے 75 پولنگ روک دی،سپریم کورٹ نے ڈسکہ میں الیکشن پراسس عبوری طور پر روک دیا، عدالت نے کہاکہ 10 اپریل کو ہونے والی پولنگ نہیں ہو گی ،سپریم کورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا اورمزید سماعت ملتوی کردی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جاری ہے،جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کی،ویڈیو لنک پر ن لیگی امیدوار نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل جاری ہیں، ویڈیو لنک پر سلمان اکرم راجہ نے حلقے کا نقشہ سپریم کورٹ میں پیش کردیا۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ایک دن میں بہت زیادہ تیاری کر لی،وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ڈسکہ میں 76 پولنگ اسٹیشنز ہیں،جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ یہ بھی بتایا گیا کہ 10 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ دیر تک معطل رہی،سوال یہ ہے کہ پولنگ کے دن کون اور کیوں یہ مسائل پیدا کرتا رہا؟کیا ایک امیدوار طاقتور تھا اس لیے دوسرے نے یہ حرکات کروائیں؟۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ڈسکہ سے نوشین افتخار کے والد 5 بار منتخب ہو چکے ہیں،جسٹس عمرعطابندیال نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے پرتشدد واقعات شروع کیے،عدالت نے کہاکہ جب مسلم لیگ ن کا اثرورسوخ تھا تو تشدد اور بد امنی پھیلانے کی ضرورت کیوں پڑی؟ ۔آپ الیکشن کے نتائج سے خوش تھے، اس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ الیکشن کے نتائج کے خلاف درخواست بھی کمیشن میں دائرکی گئی، ڈسکہ میں دیہات کے مقابلے میں ٹرن آوَٹ روایتی طور پر زیادہ ہے۔
عدالت نے استفسار کیاکہ 23پولنگ سٹیشن کی شکایت پر پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کیوں ضروری ہیں؟جسٹس عمرعطا بندیال نے استفسارکیاکہ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے پرتشدد واقعات شروع کیے؟وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ حلقے کے آدھے پولنگ سٹیشنز کی شکایات موصول ہوئیں،جسٹس منیب اختر نے کہاکہ ڈسکہ کے 76 پولنگ اسٹیشنز آدھے نہیں بنتے،وکیل لیگی امیدوار نے کہاکہ معذرت خواہ ہوں، 76 پولنگ اسٹیشنز ایک تہائی بنتے ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہاکہ آدھے اور ایک تہائی میں فرق ہے، احتیاط سے دلائل دیں،عدالت نے کہاکہ جب پریذائیڈنگ افسر پولنگ اسٹیشنز سے نکلے تو ان کی رخصتی معمول کے مطابق تھی؟ سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ پریذائیڈنگ افسران پولیس کے ساتھ معمول کے مطابق نکلے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل سننے کے بعد این اے 75 پولنگ روک دی،سپریم کورٹ نے ڈسکہ میں الیکشن پراسس عبوری طورپر روک دیا،عدالت نے کہاکہ 10 اپریل کو ہونے والی پولنگ نہیں ہو گی ،سپریم کورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا اورمزید سماعت ملتوی کردی ۔