اسلام آباد: نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کو بھی بجلی مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا جس کے بعد حکومت علیحدہ سے بجلی مہنگی کرکے عوام پر 700 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال سکے گی۔
ذرائع کے مطابق بجلی صارفین 700 ارب روپے سے زائد مالیت کے اضافی بوجھ کے لیے تیار ہوجائیں کیوں کہ نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کا اطلاق کردیا گیا۔ اب وفاقی حکومت کو اضافی سرچارج کے ذریعے بجلی مزید مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔
ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے حکومت کو ایک روپے 40 پیسے فی یونٹ تک سرچارج لگانے کا اختیار ملا ہے، حکومت کے پاس آئندہ دو سال میں بجلی ساڑھے پانچ روپے تک علیحدہ سے مہنگی کرنے کا اختیار حاصل ہوگیا، حکومت اب بجلی کی قیمت کا 10 فیصد تک سرچارج عائد کرسکے گی۔
آرڈیننس کے مطابق ڈسکوز کی ریونیو ضروریات کے 10 فیصد تک سرچارج عائد ہوسکے گا جس کے تحت عوام پر سرچارج کی مد میں 150 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
واضح رہے کہ بجلی سسٹم کو سالانہ 1400 ارب روپے کا ریونیو درکار ہے، حکومت نے سرکلر ڈیٹ کے حل کے لیے سرچارج لگانا ضروری قرار دیا ہے۔