ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دارالحکومت میں تمام تقریبات پر پابندیاں عائد کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، اورڈپٹی کمشنراسلام آباد حمزہ شفقات نے این سی او سی کی ہدایات پر نئے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یکم اپریل سے ہر قسم مارکیز اور شادی ہالز کے اندر اور باہر ہر قسم کی شادیوں اوردیگرتقریبات پر پابندی عائد ہوگی، اسپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شب برات پر اسلام آباد کے قبرستانوں میں کسی بھی قسم کی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، ایچ ایٹ اور ایچ الیون کے قبرستانوں میں اسسٹنٹ کمشنرز شب برات کے دن اور رات کو عوامی اجتماع کو روکنے کی پابندی کروائیں گے، جب کہ قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کرونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی۔