ضلع خیر پور میں ہائی وے پرٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں4 بچے اورایک شخص جاں بحق ہوگیا۔2 طلبا زخمی ہوگئے، واقعے کے خلاف طلبا نے مہران ہائی وے پر مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا جبکہ تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی۔
حادثہ ٹھری میرواہ میں مہران ہائی وے پر پیش آیا جہاں تیز رفتار گاڑی بچوں پر چڑھ دوڑی۔ حادثے کے بعد راہگیروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور ہیلپ لائن پر کال کی۔گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل بالکل تباہ ہوگئی جبکہ وین کا بھی نقصان ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹھری میرواہ مہران ہائی وے پر تیز رفتار مسافر وین نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔اطلاع ملنے پر مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ مہران ہائی وے پر کوٹ لالو کے قریب پیش آیا جہاں وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دو موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں موٹر سائیکلوں پر اسکول طلبا سوار تھے، حادثے میں 4 طالبعلموں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 بچے زخمی ہیں۔
حادثے میں جاں بحق طالب علموں کی عمریں10 سے 12 سال کے درمیان ہیں جبکہ زخمیوں کو نوابشاہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔