پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرلاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اوراورنج لائن ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پابندی کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
وزیراعلی عثمان بزدارکی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں سخت مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم اپریل سے شادی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ مارکیٹیں شام 6 بجے بند ہونگی، پارکس اور ریسٹورنٹس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ پابندیوں کا اطلاق بارہ فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں پر ہوگا۔
کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی۔ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔