خیبر پختونخوا (کے پی) میں کورونا فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزنے کل سے ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
نرسز الائنس کے ترجمان ناصر علی شاہ کا کہنا ہے کہ مطالبات کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی چوک پر دھرنا دیں گے، محکمہ صحت کو ایک مہینے کا وقت دیا گیا مگر کچھ نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر سے تمام نرسز سروسز کا بائیکاٹ کرکے پشاور پہنچ جائیں گے ۔اسپتالوں میں پہلے ہی ہیلتھ ورکرزکی کمی ہے۔
ترجمان نرسز الائنسز ناصر علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک پروموشن، سروس اسٹرکچر، ایم ٹی آئی نرسز ریگولاریزیشن کے مطالبات پر یقین دہانی نہیں ہوئی۔
ناصرعلی شاہ نے کہا کہ مطالبات میں نرسزکی ریکروٹمنٹ، نرسز کیلیے الگ ڈائیریکٹریٹ اورانٹرنشپ کی سیٹس بھی شامل ہیں۔