وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں الیکٹرک بس منصوبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہےکہ دیگر صوبے بھی جلد ایسے اقدامات کریں گے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں مسافروں کے لیے الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کے اہم اقدام پر سندھ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزارت ٹرانسپورٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی مستقبل کے نقطہ نظر کے حوالے سے سندھ حکومت کے اس منصوبے کے پیچھےکھڑی ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے امید ظاہر کی ہےکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا بھی جلد ازجلد اسی راستے پر چلیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے پہلی الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا ہے۔
اس موقع پر اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر ایک الیکٹرک بس ہے، ہر مہینے حکومت کی جانب سے بسوں کا اضافہ کریں گے۔
اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جلد 250 بسوں کی ٹرینڈرنگ کرنے جارہی ہے، الیکٹرک بس کا کرایہ 4 روپے فی کلو میٹر ہوگا،ابتدا میں الیکٹرک بس ٹاور سے سہراب گوٹھ تک چلےگی۔