براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ نے بیوروکریسی کے عدم تعاون کی قلعی کھولتے ہوئے کہا ہے کہ افسران نے ریکارڈ چھپانے اور گم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کو کئی محکموں حتیٰ کہ دوسرے براعظم تک غائب کیا گیا۔ حکومتی اداروں کے عدم تعاون پر موہنداس گاندھی کو فخر محسوس ہوا ہوگا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کاوے موسوی سزا یافتہ شخص ہے، اس نے بعض شخصیات پر الزامات لگائے۔ موسوی کے الزامات کی تحقیقات کمیشن کے ٹی او آرز میں شامل نہیں ہیں۔
کمیشن کی رپورٹ میں حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اگر چاہے تو کاوے موسوی کے الزامات کی تحقیقات کروا سکتی ہے۔
براڈ شیٹ سکینڈل انکوائری کمیشن کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات کیلیے ضروری بنیادی چیزیں یقینی بنائی جانی چاہیں۔ کسی بھی غیر ملکی کمپنی کی خدمات لینے سے پہلے اس کی تصدیق کرائی جائے۔
کمیشن کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ وزارت خارجہ متعلقہ ملک کی وزارت خارجہ سے کمپنی کی تصدیق کرائے۔ کمپنی کی رجسٹریشن، مالیاتی حیثیت اور مقدمے بازی کا معلوم کرایا جائے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی کمپنیوں اور اداروں کی پاکستانی سرکاری اداروں تک کھلی رسائی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ لکھے گئے نوٹ میں کہا ہے کہ مارگلہ کے دامن میں رپورٹ لکھتے وقت گیدڑوں کی موجودگی بھی ہوتی تھی۔ گیدڑ بھبھبکیاں مجھے کام کرنے سے نہیں روک سکتیں۔