سیہون شریف: زائرین نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کا مرکزی گیٹ توڑ دیا ہے۔ زائرین مرکزی گیٹ توڑنے کے بعد بڑی تعداد میں مزار کے اندر داخل ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کو کورونا وائرس کی وجہ سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت 6 اپریل تک کے لیے بند کیا گیا تھا لیکن آج زائرین نے مرکزی گیٹ توڑ دیا اور مزار میں داخل ہو گئے۔
حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس مبارک کل دو اپریل کو ہے جس میں شرکت کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد مزار پہ پہنچی جہاں پولیس اور زائرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
زائرین کی جانب سے گیٹ توڑے جانے کی اطلاع ملنے پر مزار انتظامیہ، شہری انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران پہنچ گئے اور مزار کا اندرونی احاطہ خالی کرانے کے بعد مزار کے مرکزی گیٹ کو سیل کردیا۔