سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اسجد ملہی کی الیکشن کمیشن کے حلقہ این اے 75 میں دوبارہ انتخاب کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے 10 اپریل کو پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم جاری کر دیاہے جس پر ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخارنے اللہ کا شکرادا کیا اورکہا کہ یہ ڈسکہ کے عوام کی جیت ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این اے 75 میں ن لیگی امیدوار نوشین نے کہا کہ عدالت نے مثال بنا دی ہے کوئی دھاندلی نہیں کرے گا ، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے ، عدالت کا فیصلہ ڈسکہ کے عوام کی جیت ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ یہ ان لوگوں کی کامیابی ہے جنہیں ووٹ ڈالنے سے روکا گیا اور دھمکایا گیا ۔ میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ہمارے لیے دعائیں کی۔
انہوں نے کہاکہ ہماری لیڈرشپ جس کا بیانیہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو، جنہوں نے مجھے سکھایا کہ ووٹ پر پہرا دو، میں ان کی بھی شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس زیادہ الفاظ نہیں ہیں ، میراپیغام ہے کہ اب دوبارہ ایسا کرنے کا سوچا بھی نہ جائے ، میں ڈسکہ کے عوام کیلیے لڑتی رہی ہوں اور لڑتی رہوں گی ۔