جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو جیت کیلیے 274رنز کا ہدف دیدیا جس میں سب سے اہم کردار راسی ڈوسن نے سینچری بنا کر ادا کیا ۔جنوبی افریقہ نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر273رنز بنائے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مرکرام اور ڈی کاک نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغازکیا ۔لیکن ڈی کاک 34 رنز کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے اور محض 20 رنز ہی بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کے ساتھ اوپننگ پر آنے والے ایڈن مرکرام کو بھی چنداسکور کے بعد 41 کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی گیند کی لپیٹ میں لے لیا اور19 رنز کے ساتھ پولین پہنچا دیا۔
تیسرے نمبر پر آنے والے ٹیمبا صرف ایک ہی اسکور بنانے میں کامیاب ہوئے اور 43 کے مجموعے پر محمد حسنین کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہنرچ کلاسن بھی وکٹ پر قدم جمانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور ایک اسکور بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند کا نشانہ بن گئے۔
ڈیوڈ ملر اور راسی ڈوسن نے وکٹ پر قدم جما کر ٹیم کو امید دلائی لیکن ڈیوڈ 50 رنز بنا کرحارث روف کی گیند پر پولین لوٹ گئے ۔ راسی ڈوسن نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 123رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔اینڈائل 29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔