وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف سوئس اکاؤنٹس کیس دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سیعد شیخ کی سربراہی میں قائم کیے گئے کمیشن نے سوئس کیسز کا اوریجنل ڈیٹا ریکور کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ براڈ شیٹ معاملے پر احمر بلال صوفی سمیت 5 لوگوں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا گیاہے، طارق فوادجنہوں نے براڈ شیٹ کا معاملہ شروع کروایا ان کےخلاف بھی کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بننے والے کمیشن نے براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیں اور کمیشن نے 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی تھی جسے آج وفاقی کابینہ کے فیصلے بعد پبلک کر دیا گیا ہے۔