پولیس نے درگاہ شہباز قلندر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہونے والے 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
تفصٰلات کے مطابق سیہون شریف میں کورونا کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر حضرت لعل شہبازقلندر ؒ کامزار زائرین کیلیے بند کر دیا گیا تھا لیکن باپندی کے باوجود پنجاب سمیت ملک بھر سے زائرین سیہون شریف پہنچے اورگزشتہ رات مشتعل زائرین نے گیٹ توڑ کر زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
درگاہ کے سیکیورٹی انچارج سید نجف شاہ کی مدعیت میں تھانہ سیہون پر 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں سرکار کے کام میں مداخلت، ڈیوٹی میں خلل، توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، آگ لگانے اور پتھرائو کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے باوجود کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جبکہ پولیس و رینجرز کی بھاری تعداد میں نفری سیہون میں موجود ہے گزشتہ روز پتھرائو اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں درجنوں پولیس اہلکار اور زائرین زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ محکمہ اوقاف نے کورونا ایس او پیز کے تحت عرس منسوخ کردیا تھا۔گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے بعد مزار اور اطراف میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیےگئے۔