کیلی فورنیا: کیلی فورنیا سے واشنگٹن آنے والی پرواز میں امریکی صدر جوبائیڈن کی اہلیہ نے طیارے میں ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں سے چھوٹا سا مذاق کر کے ’’اپریل فول ڈے‘‘ منایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن اپنی کتاب میں اس بات کا تذکرہ کرچکی ہیں کہ وہ لوگوں سے پرینک (مذاق) کرکے لطف اندوز ہوتی ہیں اور دوسروں کو بھی ہنسنے کا موقع دیکر خوشی محسوس کرتی ہیں۔
شاید صحافیوں نے امریکی خاتون اوّل کی کتاب نہیں پڑھی تھی اور نہ انہیں یہ یاد رہا کہ آج یکم اپریل ہے جس دن عالمی سطح پر اپریل فول منایا جاتا ہے اسی لیے وہ بڑی آسانی سے جل بائیڈن کے پرینک کا شکار بن گئے۔
دوران پرواز مسافروں کو کھانے پیش کرنے کے بعد آئسکریم پیش کرنے سیاہ بالوں والی خاتون ایئرہوسٹس آئیں جن کے لباس پر نام جیسمین لکھا ہوا تھا، جیسمین نے سیاہ ماسک لگایا ہوا تھا اور سیاہ ہی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔
آئس کریم پیش کرنے کے بعد جیسمین نے اپنے سیاہ بالوں والی وگ اتار کر ماسک ہٹایا اور ہنستے ہوئے کہا اپریل فول ۔۔۔ یہ ایئرہوسٹس کوئی اور نہیں بلکہ امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن تھیں۔
امریکی خاتون اول کی اس زندہ دلی پر تمام صحافی بھی بے ساختہ ہنس پڑے۔