اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت نے ایک بار پھر سنچری مکمل کر لی اور چینی اوسط ایک روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی، چینی کی اوسط فی کلوقیمت 100 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مٹن کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی جبکہ بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شمارت کے مطابق حالیہ ہفتے گھی 83 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ دودھ 12 پیسے فی کلو، دہی 23 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کیلا 2 روپے 14 پیسے اور انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ادارہ شمارت کے مطابق مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو اور ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ پیاز 68 پیسے اور آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے دال چنا، دال مسور، دال ماش اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔