شہر میں سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔فائل فوٹو
شہر میں سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔فائل فوٹو

پولیس نے کراچی کے متعدد تجارتی مراکز بند کرادیے

کراچی: پولیس نے شہر کے متعدد تجارتی مراکز بند کرا دیے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کورونا ایس او پیز کے نام پر تجارتی مراکز کو بند کرانا شروع کردیا ہے، جب کہ تاجروں کی مزاحمت پر متعدد بازاروں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔
ناٸب صدر کراچی تاجر اتحاد رانا اکرم کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال مارکیٹیں بند کرنے کا کوٸی تحریری حکمنامہ جاری نہیں ہوا، لیکن پولیس غیر اعلانیہ طورپر مارکیٹس بند کرارہی ہے، مارکیٹس بند کرانے میں متعلقہ علاقوں کے ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
رانا اکرم نے بتایا کہ پولیس نے پرانا حاجی کیمپ، گل پلازہ، بندر روڈ، صدر موبائل مارکیٹ، اولڈ سٹی ایریا، طارق روڈ، ایمریس مارکیٹ صدر اور برنس روڈ پر واقع مارکیٹیں بند کرادی ہیں، تجارتی مراکز کی اچانک بندش سے تاجروں میں اشتعال پیدا ہوگیا، دکانداروں میں بے چینی، کاروبار بند کریں یا کھولیں، حکومت ابہام دور کرے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے جاری نوٹیفکیشن میں ہفتے میں 2 دن مارکیٹس بند کرنے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں، ہفتے میں کون سے دو دن کاروبار بند ہوگا، اس کا تعین مقامی انتظامیہ کرے گی۔