کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی کےلیے 900 میگاواٹ کا وعدہ کیا تھا 1000 میگاواٹ دیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی پیکج میں 630 ارب وفاق نے دینے ہیں، کراچی کے لیے 900 میگاواٹ کا وعدہ کیا تھا لیکن 1000 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی، کے فور منصوبے پر واپڈا کام کررہا ہے، گرین لائن منصوبے پربھی تیزی سے پیش رفت جاری ہے، پوری کوشش ہوگی کہ اگست میں گرین لائن بس سروس شروع کردی جائے، کراچی سرکلرریلوے کی بحالی سےمتعلق 30 سال سے باتیں سنتے آرہے تھے، سرکلرریلوے کی بحالی کے لیے کام جاری ہے، کراچی پورٹ سے پیپری تک متبادل ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ فیصل آبادا کنامک زون کاافتتاح ہوچکا، سی پیک میں وسعت آرہی، اہم فیز شروع ہورہا ہے، سی پیک کے پہلے صنعتی زون میں چین نےسرمایہ کاری شروع کردی ہے، منصوبے کے مغربی روٹ پرموجودہ حکومت نے بہت کام کیا ہے، اس منصوبے کے ذریعے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ملک میں سیمنٹ کی پیداوارمیں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، مہنگائی حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، عالمی منڈی میں اجناس کی قیمت تیزی سے بڑھی ہے، اسحاق ڈار نے ڈالر کے حوالے سے کیا کیا سب نے دیکھا۔