جناح اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کو بورڈ آف گورنر میٹنگ میں شرکت سے روک دیا گیا۔
محکمۂ صحت سندھ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے یکم اپریل کو ڈاکٹر سیمی جمالی کو بورڈ آف گورنر اجلاس میں بلایا تھا، تاہم محکمۂ صحت سندھ نے ڈاکٹرسیمی جمالی کو شرکت سے منع کیا۔
وزیرِصحت سندھ عذرا پیچوہو وفاق کے بنائے گئے بورڈ آف گورنر کو ماننے سے انکار کر چکی ہیں۔کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو وفاق کو دینے کے معاملے پر 2 ہفتے گزر جانے کے باوجود سندھ کو وفاق کا جواب نہیں مل سکا ہے۔
وزیرِصحت سندھ عذرا پیچوہو نے وفاق کو کراچی کے سرکاری اسپتالوں کے معاملے پر خط لکھا تھا۔خط کے ذریعے سندھ کی جانب سے وفاق کو اسپتالوں کو مشترکہ طور پر چلانے کی تجویز دی گئی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ وفاق ان اسپتالوں کو چلانا چاہتا ہے تو پہلے سندھ کے واجبات ادا کرے، عدالت نے بھی وفاق کو سندھ کے واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔