وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں 22 اپریل سے عملی طور پر تعلیمی عمل بحال ہوگا۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے تعلیمی اداروں سے متعلق وفاق کے اعلان کے بعد کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ یکم سے آٹھویں جماعت تک عملی طورپرتدریسی عمل معطل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 اپریل سے سندھ بھر میں عملی طورپرتعلیمی عمل بحال ہوگا تاہم اگرخدانخواستہ صوبے کے کسی اضلاع میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے تو وہاں کی ضلعی انتظامیہ اس اضلاع کے حوالے سے فیصلہ کرسکتی ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے اوراس وقت سندھ میں کوئی مخصوص ضلع متاثر نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 2.6 فیصد ہے اور صوبے میں نویں سے بارہویں جماعت تک کا تعلیمی عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ نویں جماعت سے بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور بغیر امتحانات کے کسی کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔