حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم ) کے رہنما کنور نوید جمیل دو روزکاروبار بند کرنے پر سندھ حکومت پر برس پڑے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنور نوید جمیل ودیگر رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ تاجروں کو 24گھنٹے اور سات دن کا م کرنے کی ہدایات جاری کرے، کاروباراور بازارکا دورانیہ کم ہوگا تو لوگ زیادہ جائیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاروباری برادری کو بھی بلاسودی قرضے فراہم کیے جائیں۔
کنور نوید جمیل نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بیرزگاری بڑھ رہی ہے، ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے،ڈالر،پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے مگراب ڈالرکی قدرمیں کمی ہونے کے باوجود بھی اشیاکی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی، حکومت کی جانب سے ایک پیسے کا ریلیف نہیں دیا جا رہا اور انتظامیہ مہنگائی کے خاتمے میں بھی ناکام ہو چکی ہے، حکومت موجودہ صورتحا ل میں ذمے داری سے کام کرے ورنہ انارکی پھیلے گی۔