پی ڈی ایم کی جانب سے شوکاز نوٹس پر عوامی نیشنل پارٹی نے اپوزیشن کے اتحاد سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کی طرف سے شوکاز نوٹس ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیاہے اور اس کے پیش نظر پی ڈی ایم سے اپنا راستہ الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،ترجمان اے این پی زاہد خان کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی پشاور میں اہم پریس کانفرنس کرے گی جس میں وہ اپنے فیصلے سے متعلق آگاہ کریں گے۔ نجی ٹی وی کا کہناتھا کہ اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کے بعد کیاہے ۔
یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سے ووٹ لینے پر پیپلز پارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔شوکاز نوٹس پر پیپلزپارٹی نے بھی سخت جواب دینے کیلیے تیاریاں شروع کر دی ہیں ، جواب دینے کی ذمہ داری پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کو دی ہے ۔