پنجاب اسمبلی کے رکن خرم لغاری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین میں بے وفائی نہیں ان کے ساتھ زیادتی بند کی جائے، حکومت انکوائری کرے مگر بتائے کہ جہانگیر ترین کے اکاؤنٹس کیوں منجمد کئے گئے؟، ہم تحریک انصاف کے نہیں جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں، ہمارے ساتھ صوبائی وزراء سمیت 30 سے 35 اراکین اسمبلی ہیں۔
مظفر گڑھ سے پنجاب اسمبلی کی نشست جیت کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنیوالے ایم پی اے خرم لغاری نے کہا کہ کہ ہم آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر جیت چکے ہیں، جہانگیر ترین کا ساتھ دینے پر ہم سے کوئی نہیں پوچھ سکتا، ہم ان کے ہر فیصلے سے اتفاق کریں گے، ان کے فیصلوں کے مطابق چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ہمیں پارٹی میں لے کر آئے تھے، سوال و جواب ان سے ہوتے ہیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑا ہو، ہمارے ساتھ 30 سے 35 اراکین اسمبلی ہیں جن میں وزراء بھی شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے چینی بحران میں ملوث ہونے کے حوالے سے انکوائری میں نام آنے کے بعد جہانگیر ترین کو سائیڈ لائن کردیا تھا، انہیں منی لانڈرنگ سمیت دیگر الزامات پر تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔