پی ٹی آئی رہنماء شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین عمران خان کے نہایت قریب تھے، پارٹی کیلئے ان کی بہت خدمات ہیں مگر عمران خان نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جہانگیر ترین بے گناہ ہیں تو خود کو عدالت سے کلیئر کرالیں۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک اںصاف کیلئے بہت خدمات ہیں، وہ عمران خان کے بہت قریب تھے مگر عمران خان نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی احسان فراموش نہیں رہے، عمران خان نہ بلیک میل ہوتے ہیں اور نہ کسی دباؤ میں آتے ہیں، احتساب پر ہمارا یقین ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شہریار آفریدی نے ایک سوال پر کہا کہ جس دن سے ہماری حکومت آئی ہے، اس دن سے حکومت کے جانے کی پیشگوئیاں کی جارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کو ان اراکین اسمبلی کا پتہ ہے جن لوگوں نے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس نے جو کرنا ہے کرلے، حکومت اپنا وقت پورا کرے گی، اگلے 5 سال بھی ہماری ہی حکومت ہوگی، انشاء اللہ اگلے الیکشن میں سندھ میں بھی ہماری حکومت بنے گی۔