پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ سندھ میں اسکول بند کرنےکا فیصلہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا متفقہ نہیں تھا ، وزیر تعلیم نے جلد بازی کی ، وزیراعلیٰ یہ فیصلہ واپس لیں۔
سندھ کے نجی اسکولوں کی مختلف ایسوسی ایشنز کے سربراہان نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے این سی او سی کے اجلاس کا انتظار نہیں کیا اور اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا ۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہےکہ سندھ میں کوئی ضلع کورونا متاثرہ نہیں ہے، فی الفور تعلیمی تعطل کے فیصلے کو واپس لیا جائے اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی طرح اساتذہ کو بھی ویکسین لگائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا سے پانچ سو سے زائد اسکول مکمل بند ہوچکے ہیں، کورونا کے بعد پاکستان میں 10 لاکھ بچے واپس اسکول نہیں آسکے ، پاکستان میں آن لائن تدریس کا تجربہ ناکام ہے ، یہ تجربہ دنیا بھر میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکا ،ہم حکومت سندھ کے فیصلے پر عمل کریں گے، مگر اس فیصلے پر ہم احتجاج بھی کریں گے۔