سپر یم کورٹ کراچی رجسٹری نے کورنگی کراسنگ پر شادی ہالز گرانے سے متعلق کیس کافیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی تی وی کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں کورونگی کراسنگ سے ناصر جمپ تک شادی ہا لز نہ گرانے کے متعلق دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی،عدالت عظمی کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں لارجر بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی علاقہ کو رہائشی قرار دیں گے تو وہ اگلے ڈیڑھ سو سال تک رہائشی ہی رہے گا، اگر پانچ کمروں کے گھر کی جگہ پر تیس منزلہ عمارت بنادیں گے تو ضروریات بدل جاتی ہیں،ایسا کرنے سے پورا نظام تبدیل ہو جاتا ہے،دنیا میں شہروں کا ماسٹر پلان ایک بار ہی بنتا ہے،پانچ کنال کاپلاٹ دیا جاتا ہے ، پارکنگ، سیوریج اور دیگر سہولیات گنجائش کے مطابق ہوتی ہیں، آپ نے تو پورے کراچی کا حلیہ ہی تبدیل کردیا ہے۔
لارجر بینچ نے فریقین کے وکلاکے دلائل سننے کے بعد انور منصور خان کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔