پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ کے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہائبرڈ اجلاس بلاول ہاؤس میں ہوا، جس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے 50 ارکان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ کے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی سمجھتی ہے تو میں ابھی مستعفی ہونے کے لیے تیار ہوں کیوں کہ میرے لیے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا، ہم نے جمہوریت کے لیے جانیں اور قربانیاں دی ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کو اجلاس کے شرکا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو مستعفی ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، پوری پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترجمان پی پی پی کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سی ای سی کے شرکاء کو کل ہونے والی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی، اور وزیراعلیٰ سندھ سی ای سی کے شرکاء کی دی گئی پالیسی کے تحت کل مشترکہ مفادات کونسل میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔