محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری مراکزاورماہ رمضان المبارک میں مذہبی عبادت گاہوں کے لیے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے نوٹفیکیشن جاری کردیے۔
کاروباری اور سماجی سرگرمیوں سے متعلق جاری حکم نامے کے تحت کاروباری مراکزاور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 بجے سے شام 8 بجے تک ہونگی جبکہ جمعہ اوراتوارکو سیف ڈیز کے طور پر مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں گی۔
نوٹیفیکشن کے مطابق ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی تاہم آؤٹ ڈور سروس کی رات دس بجے تک اجازت ہوگی اور رات دس بجے کے بعد ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
تفریحی پارکس، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے شادی بیاہ کی انڈوراورآؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی ۔ سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، موسیقی کے پروگراموں اور مذہبی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی ۔
محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے لئے مساجد و امام بارگاہوں میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں عبادات کا طریقہ کار وضع کردیا ہے جس کے مطابق مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہ بچھائی جائیں، 50 سال سے زائد معمرافراد اورکم عمر بچوں کی مساجد و امام بارگاہوں میں آنے کی ممانعت ہوگی۔