پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نیب نے معیشت کو تباہ کردیا ہے،احتساب بیورہ بغیر کسی ثبوت کے لوگوں کو گرفتارکرلیتا ہے،لوگ اس کی وجہ سے خودکشیاں کرتے ہیں، ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ نیب اس قسم کا ادارہ ہے جو پاکستان اور معیشت کو تباہ کررہا ہے، نیب نے میرے خلاف ریفرنس دائرکیا لیکن کوئی شواہد پیش نہ کر سکا،دو سال بعد ریفرنس دائر ہوا اورابھی بھی ان کی جانب سے عدالت سے وقت مانگا جارہا ہے،نیب کا مقصد ہے کہ آپ پلی بارگین کرلیں اورعدالت نہ آنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی پارٹی کو حق نہیں کہ وہ کسی پارٹی کو شوکاز نوٹس دے،پی ڈی ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس دینا غلط تھا،غلطی کرنے پر معافی مانگنی چاہیئے۔میں نہیں سمجھتا کہ اپوزیشن اتحاد ٹوٹا ہے بس کچھ اختلافات ہوئے ہیں جو دور ہوسکتے ہیں،پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کو چاہیے کہ وہ مسئلے حل کریں۔