پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی لگانا درست نہیں تاہم جو لوگ قانون ہاتھ میں لے رہے ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہئے۔
مصدق ملک نے کہا کہ جب جب سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا وہ نئے ناموں سے واپس آگئیں۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ اگر تحریک لبیک پاکستان ایک دہشت گرد جماعت ہے تو پھر اس کے ساتھ معاہدے کیوں کئے گئے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ حق کسی کو حاصل نہیں کہ وہ لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہنچائیں۔
رہنماء ن لیگ نے الزم عائد کیا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران صدارتی نافرمانی کا کہا گیا جبکہ پولیس پر تشدد کرنے کے علاوہ شہروں کو بھی لاک ڈاؤن کیا گیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت اگر تحریک انصاف پر پابندی لگتی تو وہ مسئلے کا حل نہیں تھا، کیوں کہ ایسا کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے اور یہ حق کسی کو نہ دے کہ وہ سڑک پر نکل کر ملک ٹیک اوور کرلے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ جب آپ اداروں کو متنازع بنائیں گے تو وہ کام نہیں کرسکیں گے اور اگر ہم اداروں کے سربراہان کے نام لے کر دھمکیاں دیں گے تو ادارے کیسے کام کریں گے۔