پاکستان کے بعض شہروں میں تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج جاری ہے، لاہور میں متعدد مقامات سے احتجاج ختم کرا دیاگیا ہے جبکہ تین مقامات پر احتجاج جاری ہے اورکراچی کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
کراچی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلدیہ حب ریور روڈ پر آنے والے مظاہرین کومنشتر کردیا گیا تھا۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کی تمام سڑکیں معمول کے مطابق کھلی ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس عارضی طورپر بند ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے سروس عارضی طورپربند ہونےکی تصدیق کی ہے۔ان تمام علاقوں جہاں احتجاج جاری تھا، وہاں منگل سےانٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ شاہ فیصل کالونی، ملیر، اورنگی ٹاون میں سروس عارضی طورپر بند کی گئی تھی جبکہ بلدیہ، کیماڑی اور دیگر علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس تاحال بند ہے۔
لاہور میں احتجاج کے باعث سکیم موڑم داروغہ والا اور یتیم خانہ چوک پر ٹریفک جام ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام راستے کھول دیے گئے ہیں۔
فیض آباد پر مری روڈ کو اسلام آباد سے ملانے والے راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔ مری روڈ، شمس آباد اور ڈبل روڈ سے بھی کنٹینرز کو ہٹا دیا گیا ہے۔
فیض آباد اور ملحقہ آبادی میں ڈیٹا سگنل بھی بحال کردیے گئے ہیں۔ فیض آباد اور لیاقت باغ میں پولیس اور رینجرز کی نفری تاحال تعینات ہے۔