لاہورکی عدالت نے حکومت پنجاب کو رائیونڈ زمین کے انتقال کی منسوخی سے متعلق کارروائی سے روک دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف اور شہباز شریف کے خاندان نے پنجاب حکومت کی کارروائی پر لاہور کی عدالت سے حکم امتناع مانگ لیا جس پر لاہور کی سول عدالت کے جج نے درخواست سماعت کےلیے منظورکرکے 27 اپریل کو تمام فریقین کو متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
شریف خاندان نے پنجاب حکومت کی جانب سے منسوخ کی گئی 127کنال اراضی پر مقامی عدالت سے اسٹے مانگا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شریف خاندان کی جانب سے مقامی عدالت میں درخواست یوسف عباس کے نام سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شریف خاندان کے رائیونڈ کے گھرکی زمین کا ریکارڈ تبدیل کیا جارہا ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پنجاب حکومت کو اس عمل سے روکے اورکوئی عبوری حکم صاد رکرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے شریف خاندان کی رہائش گاہ کی 127 کنال زمین کا انتقال منسوخ کردیا تھاجو موضع مانک رائیونڈ میں ان کے گھرکا مرکزی حصہ ہے، پنجاب ریونیو ڈپارٹمنٹ نے اس زمین کا انتقال واپس پنجاب حکومت کے نام بھی کردیا تھا۔