وفاقی کابینہ نےتحریک لبیک پرپابندی کی منظوردیدی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نےتحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سمری منظورکرلی ہے، جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وفاقی کابینہ نے بھی منظورکرلی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی، پابندی کی منظوری انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دی گئی ہے، پنجاب حکومت نےتحریک لبیک پرپابندی کی سفارش کی تھی۔
سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے ڈیکلیئریشن پرکام شروع کردیا گیاہے اور وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیئریشن سپریم کورٹ پیش کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک کی پُرتشدد کارروائیوں سے 2 پولیس اہلکار شہید اور580 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتاراور115 ایف آئی آردرج کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اوراس پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، جب کہ اس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔