وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل سپریم کورٹ میں ٹی ایل پی کے خاتمے کیلیے ریفرنس دائر کریں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کرامن کو یقینی بنایا، 580 پولیس والے زخمی ہیں اور سب کوسلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ بات چیت سے مسئلے حل ہوں تاہم ان کے ارادے بہت خطرناک تھے اور وہ اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتے تھے، میں دو سال سے مسلسل ٹی ایل پی سے رابطے میں رہا، مگرٹی ایل پی فیض آباد آنے پربضد تھی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی پر پابندی کے نوٹیفکیشن کے لیے ضروری کارروائی کی جاری ہے، کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی کی منظوری دی، کچھ ہی دیرمیں نوٹیفیکیشن بھی جاری ہوجائے گا جب کہ کل سپریم کورٹ میں ٹی ایل پی کے خلاف ریفرنس بھی دائرکردیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لاہور یتیم خانہ چوک کے علاوہ سارا پاکستان کھلا ہے، عام شہری کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کوئی قرارداد پیش نہیں کی جائے گی۔یہ لوگ یورپ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرانا چاہتے تھے۔
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ دو سال کوشش کرتا رہا ہوں کہ ٹی ایل پی ریگولر سسٹم میں آئے، اسمبلی میں قرارداد کے حوالے سے ہم پیچھے نہیں ہٹے تھے تاہم حکومت قرارداد کا ایسا مسودہ لانا چاہتی تھی جس سے ہم پر سفارتی سطح پر کوئی اثر نہ پڑے۔