تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی شروع
عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک، اسلحہ لائسنس منسوخ، زمینوں کی خرید و فروخت نہ ہی بینک اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے، ذرائع
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت کالعدم ٹی ایل پی سے متعلق مشاورتی اجلاس، کالعدم تحریک لبیک کی درخواست کا جائزہ بھی لیا گیا
حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثےمنجمد کیے جانےکی کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997کے تحت کی جا رہی ہے، کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 11 ای ای کے تحت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اثاثے منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور صوبائی محکمہ ریوینیو کردار ادا کریں گے، اس کے علاوہ کالعدم جماعت کے عہدیداروں،کارکنوں کو جاری اسلحہ لائسنسز بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی عہدیدار زمینوں کی خرید و فروخت نا ہی بینک اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو ہدایات دے دی ہیں۔