لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ایڈہاک پر نیا وزیر خزانہ لگادیا ہے.
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولے نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا، یہ حکومت بوکھلا چکی ہے، ان کا احتساب اور کرپشن کا منترہ پٹ چکا ہے، حکومت نے ایڈہاک پر نیا وزیرخزانہ لگادیا ہے، جس ملک کا 6 مہینے کےلیے وزیرخزانہ ہوگا اس ملک کا کیا حال ہوگا؟
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں آزاد اورشفاف انتخابات ضروری ہیں،سلیکشن کا عمل ختم ہونا چاہیے، ہم سلیکشن کے خلاف ہیں، سلیکشن کا عمل جب تک جاری رہے گا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ سوچنے کی بات ہے کہ سڑکوں کو بلاک کرنے کا طریقہ کس نے شروع کیا تھا؟ کس نے پورا پاکستان بند کرانے کی باتیں کی تھیں؟ اگر کوئی مذہبی جماعت سیاسی طور پر متحرک ہوناچاہتی ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے، سڑکوں کو بلاک کرنا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ہم اس چیز کی مذمت کرتے ہیں، سعد رضوی کو بھی پیغام ہے،آپ نے جلاؤ گھیراؤ کا غلط راستہ اختیار کیا، جلاؤ گھیراؤ کرکے صرف ایک شخص کا داؤ لگ گیا تھا۔