وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے شہباز شریف کی ضمانت سے متعلق فیصلے پرجھوٹ بولا ، اب پکڑا گیا تو وہ رو رہے ہیں ، صبح سے ان کا رونا پیٹنا دیکھ رہے ہیں، شہباز شریف کی ضمانت کا فیصلہ جج صاحبان نے نہیں، نائب قاصد نے سنایا تھا ۔
شہباز گل نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ضمانت پر لاہور ہائی کورٹ کے 2 ججز کے فیصلے عوام کے سامنے ہیں اور شہباز شریف کو ضمانت نہ ملنے پر اب یہ لوگ رو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عدالتی فیصلوں پراثر انداز ہونے پر یقین نہیں رکھتی ، مسلم لیگ ن سمجھ رہی ہے شہباز شریف کیساتھ بہت بڑا ظلم ہو گیا ، 1990میں سارے ٹبر کے پاس کل 21لاکھ روپے تھے ۔1991سے 1998 کے دوران اثاثے بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ ہو گئے ، سال 2008سے 2018تک ان کے اثاثے سات ہزار 328ملین ہو گئے ، یہ 7.3 ارب روپے کے اثاثے دس سال میں بنائے گئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہبازگل نے کہا کہ ٹی ٹیز ابا جی کے نہیں ،بیٹے کے اکائونٹ میں آتی تھیں،26جعلی ٹی ٹیز نصرت شہباز کے نام لگوائی گئیں ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ذرائع آمدن ثابت نہیں کر سکے جبکہ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ انہیں فیصلے پر تشویش کا اظہارکیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے عدالتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اوران لوگوں نے پہلے خود عدالتی فیصلے سے متعلق جھوٹ بولا جبکہ مسلم لیگ ن کے تمام رہنماؤں کو پتا ہے کہ نائب قاصد نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔
شہبازگل نے کہا کہ شہباز شریف کو 24گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ، پنجاب کی جیلوں میں انتہائی ضعیف قیدی بھی موجود ہیں جو شہباز شریف سے بھی زیادہ عمر رسیدہ ہیں ۔