وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین سے ملاقات کی ہے اوران پرمکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ نئے وزیر خزانہ معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلیے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، اس موقع پر ماہرین معاشیات و مالیاتی امور، وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرزکا بھی حصہ رہے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ شوکت ترین معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلیے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے۔
اس موقع پر ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کیے، ایک سوال کے جواب میں نومنتخب وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، ان کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ 49 سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے، جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔