خونی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 73افراد مہلک وائرس سے جان کی بازی ہار گئے جبکہ پانچ ہزار 152 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے بعد پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد16 ہزار316ہوگئی جبکہ چار ہزار 515افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 60 ہزار 162ٹیسٹ کیے گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات صوبہ خیبرپختونخوا میں ہوئیں جہاں 32افراد جان کی بازی ہارگئے ۔ اسلام آباد اورآزاد کشمیر میں چھ ، چھ افراد، پنجاب میں 27 افراد مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھے ۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 8.56 فیصد تک پہنچ گئی ، ملتان اورلاہور میں 81فیصد وینٹی لیٹر کورونا مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں ۔ گوجرانوالہ کے 85فیصد آکسیجن بیڈزپر کورونا مریض ہیں ، مردان میں 77،پشاور میں 74گجرات میں 71فیصد آکسیجن بیڈز پرکورونا کے مریض موجود ہیں۔