ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ جامشورو میں کئی روز سے جاری سی ٹی ڈی اور رینجرز کا آپریشن گزشتہ رات مکمل ہوگیا، گرفتارکیے جانے والے 5 میں سے 2 ملزمان ٹی ٹی پی حملوں کیلیے خودکش جیکٹ فراہم کرتے تھے۔
انچارج سی ٹی ڈی عمر شاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جامشورو کے قریب آپریشن میں 5دہشت گرد گرفتار کرلیے، دہشتگردوں کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹرمیں خود کش حملے کا پلان تھا،انہوں نے پولیس ٹریننگ سینٹرکی ریکی کرلی تھی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ ملزمان نے ٹریننگ سینٹرکی فوٹیج بھی بنا رکھی تھی، گرفتار دہشتگردوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں اوران سے 2 خودکش جیکٹ، پولیس یونیفارم، اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
عمر شاہد کے مطابق دہشتگرد ٹی ٹی پی حملوں کیلیے خودکش جیکٹ فراہم کرتے تھے، یہ دہشتگرد افغانستان سے ہوتے ہوئے پاکستان آئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سیل پرکافی عرصے سے کام ہو رہا تھا،یہ نیشنل لیول کا پروجیکٹ تھا۔