حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے طویل مذاکرات کامیاب ، حکومت نے فرانسیسی سفیرکو ملک سے نکالنے کے لیے آج منگل کے روز قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے اورٹی ایل پی کے رہنماوں اورکارکنوں کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے جبکہ تحریک لبیک نے لاہور سمیت ملک بھر میں سے احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں کہا ہے ہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد یہ بات طے پا گئی ہے کہ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور تحریک لبیک لاہور میں مسجد رحمۃ العالمین ﷺ سمیت ملک بھر سے دھرنے کو ختم کرے گی اوربات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائےگا اور جن لوگوں کے خلاف فورتھ شیڈول سمیت مقدمات درج ہیں ان کا بھی اخراج کیا جائے گا ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اس سلسلہ میں تفصیلی بیان آج شام یا کل پریس کانفرنس میں دوں گا۔